وارانسی،3/اپریل (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بی جے پی کے تسلط والے وارانسی میونسپل کارپوریشن نے اپنے اجلاسوں میں قومی ترانے’وندے ماترم‘اور قومی گیت ’جن گن من‘کے گانے کو لازمی کر دیا ہے۔بی جے پی کی حکمرانی والے اس کارپوریشن میں اپوزیشن ارکان نے اس فیصلہ کی سخت مخالفت کی ہے۔میئر رام گوپال موہلے نے ایک بیان میں کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی ہر میٹنگ کاآغاز قومی ترانے ’وندے ماترم‘اور اختتام قومی گیت ’جن گن من سے ہو گا۔وندے ماترم قومی جذبہ اور جن گن من عقیدہ کی علامت ہے،اس لیے اس کی توہین برداشت نہیں کی جائے گی۔غورطلب ہے کہ ہفتہ کو میٹنگ میں وندے ماترم گائے جانے پر بی جے پی اور اپوزیشن کونسلر آمنے سامنے آ گئے تھے۔ہنگامے سے نصف گھنٹے تک میٹنک کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا ہوئی تھی، جس کے بعد اتوار کو میئر رام گوپال موہلے نے قومی ترانے کے ساتھ ہی قومی گیت کے گانا کو بھی لازمی کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ایس پی، کانگریس اور بی ایس پی کے کونسلر وں نے اس نئی روایت کو لے کر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وہ بھی اس گیت کا احترام کرتے ہیں لیکن ان کو زبردستی کسی کے اوپر تھوپا نہیں جا سکتا۔میئر نے بتایا کہ میٹنگوں میں پہلے بھی وندے ماترم کے گانے کی روایت رہی ہے،ہفتہ کو کچھ اپوزیشن کونسلر نے مخالفت کر کے اس کی توہین کی ہے۔اس کی مخالفت اور نعرے بازی کرنے والے ان کونسلر کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف قانونی صلاح ومشورہ کے بعد کارروائی کی جائے گی۔